ڈیری اور لائیو سٹاک ہماری دیہی آبادی کا اہم جزو ہے، نمائش کے انعقاد سے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ملے گی: صوبائی وزیر لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد

22

لاہور، 16 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے ڈیری ایشیا ایکسپو 2023 کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور سو سے زائد مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا ۔ انھوں نے لوگوں سے بات چیت کی تاکہ لوگوں کے ڈیری پراڈکٹس کی جانب رجحان کا پتا چل سکے۔ آرگنائزر حافظ وسیم کی جانب سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ دو روزہ ڈیری ایشیاء ایکسپو میں پچاس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ۔ فیڈنگ، بریڈنگ ،مشینری، آلات ،ادویات اور دیگر شعبوں کے اسٹالز لگائے گئے جن میں سرکاری اداروں کے ساتھ مختلف فلاحی اداروں نے بھی اسٹالز لگائے۔ اس ایکسپو میں ڈیری فارمرز اور لائیو سٹاک فارمرز کی مختلف ایسوسی ایشنز موجود رہیں ۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ ڈیری ایشیا ایکسپو جیسی نمائش کا اہتمام ڈیری انڈسٹری میں جدت اور ترقی لانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ بلاشبہ ڈیری اور لائیو سٹاک پاکستان کا بہت اہم سیکٹر ہے۔  صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ ڈیری اور لائیو سٹاک ہماری دیہی آبادی کا اہم جزو ہے۔ اس نمائش کے انعقاد سے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ملے گی۔  ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ نمائش میں ایسی کمپنیاں بھی موجود ہیں جو مکمل مشینری پاکستان میں تیار کر رہی ہیں۔ یہاں ایکسپورٹرز اور امپورٹرز بھی موجود ہیں۔ یہ نمائش سب کو ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے۔  صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے سموگ کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست بنایا جارہا ہے۔ صوبے کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتوں کے لئے کوشاں ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ شعبہ کی آٹو میشن کے لئے انقلابی اقدام کیے ہیں۔ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سٹیشن قائم کیے جارہے ہیں۔ لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے ضروری امور طے کر لیے گئے ہیں۔ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب حکومت اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔۔فٹنس سر ٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر گاڑیوں کی موٹروے اور ہائی ویز پرداخلے پر پابندی ہوگی ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور موٹروے پولیس کے درمیان وہیکلز فٹنس اور روٹ پرمٹ کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ ہوگا۔ غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاؤں کو فری رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی۔ مدت گزرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاؤں کو روڈ پر نہیں آنے دیا جائے گا۔