ڈی جی خان؛کمشنر ڈویژن کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ بارڈر ملٹری پولیس لائنز کا دورہ

5

 

ڈیرہ غازی خان ،13 نومبر( اے پی پی ): کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد ز مان لک کے ہمراہ بارڈر ملٹری پولیس لائنز کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر رسالدار،سرکل آفیسرز اور ایس ایچ اوز کے اجلاس کی صدارت بھی کی،اے ڈی سی جی محمد اسد چانڈیہ،پولٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان زاہد اقبال اور دیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ قبائلی علاقہ کے مین روٹس کے ساتھ چور راستوں کو بھی بند کرنا ہوگا، ایرانی پٹرولیم مصنوعات اور دیگر ممنوعہ اشیاءکی سمگلنگ کو روکنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹرائی بارڈر ہونے کی وجہ سے شدید چیلنجزکا سامنا ہے اور دیگر صوبوں سے دہشت گرد،جرائم پیشہ عناصر پہاڑی علاقوں میں آسکتے ہیں ہمیں خبر رسانی کے نظام کو بہتر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایم پی فورس کی ڈیڑھ سو سال پرانی روایات ہیں اور اس فورس کی بقاءکارکردگی پرمنحصر ہے۔کمشنر نے کہا کہ سرکل آفیسرز اور ایس ایچ اوز تبدیل کئے جاسکتے ہیں،نظم و ضبط اور فزیکل تربیت کے ساتھ اسلحہ چلانے کی تربیت دلانا ہوگی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و سینئر کمانڈنٹ مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ دو ماہ کے اندر قبائلی فورس کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے اور سمگلنگ روکنے کے ساتھ قبائلی علاقہ میں بجلی چوری اور امن و امان پر نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ زیر التوا مقدمات نمٹائے جائیں اور تھانوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔اس موقع پر رسالدار خرم کھوسہ،وقار عزیز اور دیگر بھی موجود تھے۔