لاہور 19 دسمبر ( اے پی پی ) پنجاب سیف سٹیز ہیڈ کوارٹرز میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں پنجاب بھر کے تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول پر شفٹ کرنے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دسمبر کے اختتام تک پنجاب کے تمام تھانے SIPS پروٹوکول پر منتقل ہو چکے ہونگے، سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز میں مقدمات کے اندراج اور تفتیش کے مختلف مراحل کیلئے ٹائم لائنز مقرر کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کے کلچر اور انفرادیت کے مطابق تھانوں کی تھیم رکھی جائیں، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت تمام تھانوں کو سروس ڈلیوری اور پبلک فرینڈلی اسٹیشنز میں ڈھال رہے ہیں، تھانوں کے فرنٹ و بیک اینڈز سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز کے ایس او پیز کے مطابق تیار کئے جائیں، تھانوں میں کیو میٹک مشین ای ایل ڈی سکرینیں، ٹوکن نمبر کاونٹرز، خواتین و مردوں کے علیحدہ واش رومز کی سہولت فراہم کی گئی ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشنز کا افتتاح کریں گے۔
پنجاب کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت،ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس، ایس ایس پی مستنصر فیروز، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر اجلاس میں موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی منصور الحق رانا ، ایس ایس پی آپریشنز لاہور سید علی رضا اور تمام ڈویژنل ایس پیز، اے ایس پیز نے شرکت کی۔











