لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک کے مسائل حل کے لئے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاہور کے6 مصروف ترین چوکوں پرٹریفک کی روانی کے لئے پروٹیکٹڈ یو ٹرن بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے یوٹرن بنانے کے لئے 19جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔ قادر توپاش چوک، گجومتہ چوک، نشتر چوک، کھوکھر چوک اورجوڑے پل چوک پر یوٹرن بنائے جائیں گے۔
اجلاس میں بابوصابو ٹول پلازہ شفٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ملتان روڈ، ٹھوکرنیاز بیگ کے داخلی راستے پر رش ختم کرنے کے لئے مختلف تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہیوی ٹریفک کو براہ راست ایم ٹو موٹروے پر رواں کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ملتان روڈ پر آنے والی ٹریفک رواں کرنے کے لئے پائیدار اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، سی ٹی او اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











