لاہور، 19 دسمبر( اے پی پی ) : گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن اور نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے گورنر ہاوس میں سوسائٹی آف گائناکولوجی آنکولوجی پاکستان کا افتتاح کر دیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سوسائٹی کے پیٹرن انچیف اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر سوسائٹی کے صدر ہوں گے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن اور نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی آف گائناکولوجی آنکولوجی پاکستان کا قیام انتہائی تقویت بخش اور حوصلہ افزاءہے۔ سوسائٹی آف گائناکولوجی آنکولوجی پاکستان سے معاشرے میں خواتین میں ہونے والے ہر قسم کے کینسر بارے آگاہی پھیلانے کی امید کرتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہاکہ احتیاط ہمیشہ علاج سے بہتر ہوتی ہے،ڈاکٹرز ہمارے معاشرے میں مسیحائی کا کام کر رہے ہیں،ہر انسان میں مزید بہتری کی گنجائش ضرور موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ایک جہد مسلسل کا نام ہے کینسر کبھی بھی آسان مرض نہیں رہا ہے۔ ہمیں کینسر کے علاج کو انتہائی سنجیدہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سوسائٹی آف گائناکولوجی آنکولوجی پاکستان کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی آف گائناکولوجی آنکولوجی پاکستان کے افتتاح کے حوالے سے آج ایک تاریخی دن ہے۔خواتین میں بریسٹ کینسر کے بعد گائناکولوجیکل کینسر کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔پاکستانی معاشرے میں ایوی ڈینس بیسڈ سٹڈیز کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹر راشد لطیف، پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی، پروفیسر ڈاکٹر فرخ زمان، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت، ارشد چوہان، میاں طارق اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











