اسلام آباد،3 دسمبر( اے پی پی ) : قومی ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ میں حصہ لینے ملائشیا کے شہر کوالالمپور پہنچ گئی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جونیئر ورلڈکپ ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں 5 تا 16 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس میں قومی ہاکی ٹیم دیگر ممالک کی ٹیموں کے مد مقابل ہوگی ، قومی ٹیم فلائٹ نمبر پی کے 898 کے ذریعے کوالالمپور پہنچی۔
ٹیم کے ہمراہ منیجر لیفٹیننٹ کرنل( ر) آصف ناز کھوکھر ،ہیڈ کوچ رویلینٹ آلٹمنس، کوچنگ پینل میں اولمپیئن شکیل عباسی،انٹرنیشنل پلیئر محمد علی، انٹرنیشنل پلیئرآصف خان، فزیو تھراپسٹ محمد اسلم جبکہ ویڈیو انالسٹ ندیم لودھی شامل ہیں۔
قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 دسمبر کو نیدرلینڈ ،دوسرا میچ 7 دسمبر کو نیوزی لینڈ جبکہ تیسرا میچ 9 دسمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی۔