ملتان، 20 دسمبر(اے پی پی): محکمہ زراعت سورج مکھی کی کاشت و پیداوار میں اضافے کےلیے کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کررہا ہے۔صوبہ بھر میں سورج مکھی کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے امسال صوبہ پنجاب میں ربیع سیزن کیلئے سورج مکھی کی کاشت کا ہدف 1لاکھ25ہزار ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف1لاکھ40ہزار ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔
روزمرہ خوراک میں خوردنی تیل کو اہم مقام حاصل ہے۔ پاکستان میں ملکی ضروریات کے لئے خوردنی تیل کا بیشتر حصہ باہر سے منگوانا پڑتا ہے جس پر کثیر زرِمبادلہ خرچ ہوتا ہے،بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب خوردنی تیل کی مانگ اوردرآمد میں بتدریج اضافہ ہورہاہے۔ خوردنی تیل کی ملکی پیداوار کو بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ تیلدار فصلات کی کاشت کو فروغ دیا جائے اور ان کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھایا جائے۔محکمہ زراعت تیلدار اجناس کے زیر کاشت رقبے میں اضافے کے لیے متعدد عملی اقدامات اٹھارہا ہے تاکہ خوردنی تیل کے درآمدی بل میں کمی لائی جاسکے۔











