لاہور، 2 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، ایک تعلیم یافتہ انسان تحقیق کرتا ہے اور سنی سنائی بات پر یقین نہیں کرتا، اگر ہر شخص ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور سوشل میڈیا پر باتیں بغیر تحقیق کے آگے نہ پھیلائے تو معاشرے میں غلط اور منفی باتوں کے پھیلاو کو روکا جا سکتا ہے۔
ان خیالات اظہار انہوں نے لمز کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔گورنر پنجاب نے طلباء کو گورنر ہائوس لاہور میں خوش آمدید کہا اور گورنر ہاوس کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے طلباء کے کئی سوالوں کے تفصیلی جواب دیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ لمز ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے جس میں طلباء کی تجزیاتی اور تنقیدی صلاحیتوں کو نکھارا جاتا ہے جبکہ تعلیم کا سب سے اہم مقصد اپنے اندر برداشت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک معاشرے میں مختلف لوگوں کی مختلف سوچ اور آراء ہو سکتی ہیں، ایک مخلوط معاشرے میں دوسروں کی رائے کا احترام کرنا بہت ضروری ہے تاکہ معاشرے میں امن قائم رہ سکے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، بدقسمتی سے نوجوان میں ایک غلط بیانیے کے تحت مایوسی پیدا کی گئی۔انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کی بالادستی سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سب سے زیادہ آئیں شکنی کے مرتکب ہونے والے دوسروں کے صاف دامن پر الزام لگاتے نظر آ رہے ہیں جبکہ ہمارے ملک میں منفی چیزیں کم اور مثبت چیزیں زیادہ ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ایدھی اور اخوت جیسے اداروں کی روشن مثالیں ہمارے سامنے ہیں،ایدھی ایمبولینس دنیا میں پرائیویٹ ایمبولینس کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جبکہ اخوت فاونڈیشن کے تحت قرضہ حسنہ واپس کرنے کی شرح 99 فیصد سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ انسان تحقیق کرتا ہے اور سنی سنائی بات پر یقین نہیں کرتا۔ اگر ہر شخص ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور سوشل میڈیا پر باتیں بغیر تحقیق کے آگے نہ پھیلائے تو معاشرے میں غلط اور منفی باتوں کے پھیلاو کو روکا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں طلباء کو تاریخی گورنر ہاوس لاہور کا دورہ بھی کرایا گیا۔وفد میں قانون اور سیاست کے شعبے کے طلباء شامل تھے۔