لاہور،4 دسمبر( اے پی پی ) : لاہور کی شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں پرچی فیس کی اوور چارجنگ پر وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کا سخت ایکشن۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر عامر میر اچانک مویشی منڈی پہنچ گئے۔
صوبائی وزیر نے منڈی کے سربراہ کو بھی طلب کر لیا۔ چھوٹے اور بڑے جانور کی پرچی فیس پر اوور چارجنگ کی تفتیش۔ 100 اور 500 روپے کی بجائے چھوٹے اور بڑے جانوروں پر ڈبل فیس کیوں چارج کی جا رہی ہے؟۔
صوبائی وزیر نے منڈی انتظامیہ سے باز پرس اور شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا ، عامر میرنے اوور چارج کرنے والوں کی نشاندہی اور انکے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت دی۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ جب چھوٹے اور بڑے جانوروں کے لیے 100 اور 500 روپے پرچی فیس مقرر کی گئی ہے تو پھر کمپنی اور چارج کیوں کر رہی ہے؟۔صوبائی وزیر نے ٹھیکہ لینے والی کمپنی سے بھی جواب طلب کر لیا۔ عامر میر نے بتایا کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ کو مویشی منڈی میں بھتہ وصول کرنے کی شکایات وصول ہو چکی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ٹھیکہ لینے والی کمپنی نے یہی روش جاری رکھی تو ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیرنے کمپنی مالکان کو وارننگ دی ۔ عامر میر نے منڈی انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت بھی کی۔











