پشاور، سال 2023 ءمحکمہ صحت کی کامیابیوں کا سال رہا ، سیکرٹری ہیلتھ کے پی کےمحمود اسلم

24

پشاور، 29دسمبر(اے پی پی): سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم نے سال 2023 ءکو کامیابیوں کا سال گردانتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال ہم نے ڈینگی کو بغیر اموات کے 747 تک محدود رکھا اور سات بند ہسپتالوں کو فعال، 94 کو صبح شام کی شفٹس پر منتقل کردیا ہے۔

سال کے اختتام کے حوالے سے ایک خصوصی گفتگو میں سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم نے” اے پی پی” کو بتایا کہ امسال ہم نے جعلی، غیر رجسٹرڈ و غیر مستند ادویات کے سدباب کیلئے موبائل ڈرگ لیب قائم کی ہے جو پورے پاکستان میں پہلی موبائل ڈرگ لیب ہے جو موقع پر جاکر ادویات کا تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم نے کہا کہ صحت کارڈ کو پائیدار بنانے کیلئے اس میں اہل ثروت کو بطور کنڑیبیوٹر شامل کیا گیا، جس کے مطابق غریب کا علاج مفت اور امیر اپنے علاج کیلئے صحت کارڈ کا پیکج خود خریدے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے کم و بیش ایک لاکھ ملازمین کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے اور اب ساری پوسٹنگ ٹرانسفر اس ویب پورٹل کے ذریعے شفاف طریقے سے ہوتی ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم نے بتایا کہ صوبہ بھر میں سرکاری و نجی ہسپتالوں اور کلینکس کی جیو ٹیگنگ شروع ہوچکی ہے جس سے عطائی ڈاکٹروں و غیر مستند کلینکس کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے”اے پی پی“ کو بتایا کہ محکمہ صحت کی تاریخ میں پہلی بار میڈیکل و نان میڈیکل سامان کی انونٹری بن رہی ہے جس سے ایک کلک پر صوبے کے ہسپتالوں میں پڑی مشینری کا اندازہ لگایا جاسکے گا اور جہاں ضرورت ہو وہاں فوری طور پہنچایا جائے گا۔

 سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنا رہے ہیں، جبکہ ہسپتالوں کی صفائی و علاج کے متعلق مریضوں کے فیڈبیک کا نظام بھی رائج کیا گیا ہے جسکے مطابق مریضوں کے نمبرز نوٹ کرکے ان سے کال کے ذریعے ان کی رائے جانی جاتی ہے۔