لاہور، 16 دسمبر (اے پی پی): پنجاب حکومت نے مزار اقبال کے قریب شاعر مشرق سے منسوب تاریخی اشیاء کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقبال فہمی کے فروغ کے لئے بادشاہی مسجد کے بیرونی احاطے میں علامہ اقبال سے منسوب میوزیم قائم کیا جائے گا، میوزیم میں شاعر مشرق سے منسوب اشیاء رکھی جائیں گی، مختلف مقامات پر موجودعلامہ اقبال کے زیر استعمال رہنے والی اشیاء ایک ہی جگہ رکھی جائیں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے شاعرمشرق سے منسوب میوزیم کے قیام کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق سے منسوب میوزیم اقبال شناسی کا ذوق رکھنے والو ں کے لئے نعمت غیر مترقبہ ہے،نئی نسل میں اقبال فہمی کا شعور پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے میوزیم اور مزار اقبال کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علامہ اقبال کے مزار کی دائیں جانب بک شاپ میں شاعر مشرق کی تمام کتابیں موجود ہوں گی، سوونیئر اورکرافٹ شاپس بھی قائم کی جائیں گی۔