پنجاب کی نگران کابینہ کا عوامی خدمت کے علاوہ اور کوئی ایجنڈا نہیں ہے، نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

31

لاہور، 02 دسمبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں چوتھی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہ میں لیڈر کی خصوصیات ہونی چاہئیں۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پنجاب کا نظام صحت باقی صوبوں کی نسبت بہت بہتر ہے۔ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے نظام صحت میں بہتری لانے کیلئے اتنی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیو پلاسٹی کی سہولت کی فراہمی گیم چینجر ثابت ہوئی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران سے ہمیں بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایک انسان کی نیک نیتی سے برکتیں ضرور بکھیرتا ہے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو عطائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ پنجاب میںعطائیوں کی بھرمار نظام کی کمزوری ہے۔عطائی ڈاکٹرز معصوم انسانیت کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ہر آنے والے مریض کو اپنا گھر کا فرد سمجھ کر اس کا علاج و معالجہ کریں۔ ایک سرکاری ہسپتال میں سربراہ کی کمزوری کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے گائیڈ لائنز اور پروٹوکولز ہونے چاہئیں۔ پنجاب کے سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔اس وقت کارڈیالوجی ہسپتالوں میں پندرہ ہزار سے زائد مریضوں کی پرائمری انجیو پلاسٹی کر چکے ہیں۔ پنجاب کے مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ پنجاب میں صحت سہولت پروگرام کے ذریعے عوام کو بلا تعطل سہولت دی جارہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر مریض ہمارے لئے وی وی آئی پی ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر مکمل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ گیم چینجر ثابت ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب کی نگران کابینہ کا عوامی خدمت کے علاوہ اور کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری راجہ منصور احمد، ایڈیشنل سیکرٹریز زاہدہ اظہر، شاہدہ فرخ، راشد ارشاد، ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، اشفاق الرحمن، محمد وسیم، آغا نبیل، ڈاکٹر عاصم الطاف، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ڈپٹی سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔

کانفرنس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید نے شرکت کی۔