بھکر،08جنوری( اے پی پی ): ضلع بھکر میں پولیس خدمت سینٹر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشغول ہے،خدمت سینٹر کیساتھ ساتھ تحفظ مرکز اور نصاب سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ خدمت مرکز میں میثاق سینٹر بھی بنایا گیا ہے جس کا مقصد اقلیتی برادری کو تحفظ کا احساس دلانا ہے اور انکے مسائل فوری حل کرنا ہیں۔
اس حوالے سے ڈی پی او بھکر محمد نوید نے کہا کہ ضلع بھکر میں پولیس خدمت سینٹر 2016 میں تعمیر کیا گیا تھا اس وقت خالد مسعود چوھدری یہاں پر ڈی پی او تھے اس وقت بھکر کی عوام کو مختلف سہولیات دی جاتی تھیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم نے یہ سہولیات بڑھا دیں اور 14 آئی ٹی سے متعلق سہولیات یہاں پر عوام کو دی گئی اس کے بعد اس کی مزید پری ویمپنگ ہوئی اور اس میں مزید سہولیات شامل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ خدمت مرکز کے ساتھ ساتھ تحفظ مرکز اور نصاب سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحفظ مرکز میں ایک ٹرانس جینڈر کو ویکٹم سپورٹ آفیسر تعینات کیا تاکہ ایک معاشرے میں مثبت پیغام جائے کہ جتنے بھی معاشرے کے کمزور طبقات ہیں ان کو بھی یہاں پر حکومت پنجاب نوکری دے رہی ہے اور ان سے مختلف قسم کے خدمات لی جا رہی ہیں۔
ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ بھکر میں پانچ ایسے ہاٹ سپاٹ کی نشاندھی کی گئی ہے جو کہ ڈرگ ایڈکشن کے حساب سے کافی زیادہ بد نام تھے وہاں پر ہم نے ایکشن لیا وہاں سے ہم نے منشیات کے عادی لوگوں کو اپنی تحویل میں لے کر محکمہ صحت کیساتھ مل کر ان کا علاج کروایا اور وہ ہمارے معاشرے کے باعزت شہریوں کے طور پر کام کر رہے ہیں ساتھ ہی ساتھ جتنے ٹرانس جینڈر تھے ہم نے ضلع بھر میں ان کو رجسٹر کیا ان کی تعداد ضلع بھر میں 85 کے قریب ہے ہم نے ان کو بھی باعزت روزگار دلوایا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ بلائنڈ ایسوسییشن کے ذریعے نابینا افراد کیلئے ٹورنامنٹس کروائے گئے ہیں اور بلائنڈ ڈے پر سفید چھڑی تقسیم کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھکر میں 2016 میں بنے والے تھیلسیمیا سینٹر کو بھی تحفظ مرکز کے اندر ہم لے کر ائے اور اب وہاں تمام بچے جن کو خون ڈونیٹ ہو رہا ہے ان میں پولیس والے بلڈ ڈونیٹ کرتے ہیں اور جن بچوں کو ڈونیٹ ہوتے ہیں ان کو بھی ہم نے رجسٹر کیا ، ساڑھے چار سو بچے ایسے ہیں جن کو تھیلیسیمیا سینٹر میں بلڈ ڈونیٹ ہوتا ہے۔
ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ ویلفیئر ارگنائزیشنز کیساتھ مل پولیس بھکر کے کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔