پاکستان کی عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی درخواست کی حمایت

54

اسلام آباد،11جنوری (اے پی پی): پاکستان نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جرائم کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی درخواست کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ سے جاری جنگی جرائم اور نسل کشی کے واقعات کے خلاف جنوبی افریقہ کی درخواست ایک بروقت اور راست اقدام ہے۔

جمعرات کو دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ فلسطین میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایک ایسے آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ترجمان نے کہا کہ ۱۹۴۹ میں آج ہی کے دن اقوام متحدہ نے کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دی تھی۔ بھارت کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ۱۵ جنوری کو وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ ورلڈ اکنامکس فورم میں شرکت کے لئے سویٹزرلینڈ جائیں گے جہاں وہ کلیدی خطاب کریں گے۔