پشاور؛ شہید سی ٹی ڈی پولیس اہلکار حجت اللہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی

26

 

پشاور،08 جنوری(اے پی پی): جوڈیشل کمپلیکس پشاور کی حدود میں شہید ہونے والے سی ٹی ڈی پولیس اہلکار حجت اللہ کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے ۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری عابد مجید، سی سی پی او پشاور اشفاق انور، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمران شاہد، ایس پی سی ٹی ڈی کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت، کمشنر پشاور محمد زبیر خان، چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔

آئی جی پی، شہید حجت اللہ کے ورثاءسے ملے اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پی نے شہید حجت اللہ کی جرآت و شجاعت ، فرض شناسی اور گراں قدر پولیس خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ حجت اللہ نے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرکے ملزم کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی اور یوں خیبر پختونخوا پولیس کی جرات و بہادری کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔

آئی جی پی نے شہید کے ورثاء کے لیے پولیس شہید پیکج کے تحت تمام مراعات کا اعلان کیا۔