ملتان، 25جنوری(اے پی پی ):چیف ایگزیکٹیو آفیسر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ ہر شہری کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کرادار ادا کررہا ہے۔
وہ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کئیر کمیشن کے ریگولیٹری نفاذ بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب ثاقب ظفر نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے کہا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن کو صحت کےتمام اداروں کوریگولیٹ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام نجی اور سرکاری ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کی رجسٹریشن کی ذمہ داری ہیلتھ کئر کمیشن کو سونپی گئی ہے۔
چئیر مین ہیلتھ کئیر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے کہا کہ ہسپتالوں، مراکز صحت اور لیبارٹریز کی رجسٹریشن کے لئے سروس ڈیلیوری کا کم از کم معیار مقرر کیا گیا ہے اور اس کے لئے 30 اسٹینڈرڈ مقرر کئےگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صرف ان اداروں کی رجسٹریشن کی جاتی ہے جو کہ صحت کےمقررہ اسٹینڈرڈ پر پورا اترنے ہیں اس لئے سرکاری ہسپتالوں کی رجسٹریشن کے لئے موجوزہ اسٹینڈرڈ کواپنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں چلڈرن ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال ملتان، ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی، لیہ اور مظفر گڑھ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال بوریوالہ ہیلتھ کئیر کمیشن کے مقررہ معیار کے مطابق صحت کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن نے ملتان ڈویژن کے65 بنیادی مراکز صحت کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔
سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے بتایا کہ کمیشن کو عوام کی جانب سے 368 شکایات موصول ہوئیں ہیں جن میں سرکاری ہسپتالوں کے خلاف 60 اور پرائیوٹ ہسپتالوں کے خلاف 308 شکایات شامل ہیں۔ ڈاکٹر ثاقب عزیز نے بتایا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن اتائیت کے خلاف بھرپور ایکشن لے رہا ہے اور اب تک پنجاب میں اتائی ڈاکٹروں کے49 ہزار سے زائد کلینکس سیل کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے کارپوریٹ ماڈل کو اپنانا ہوگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے اجلاس خطاب میں کہا کہ انسانی جان بہت قیمتی ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔انہوں نے ہدایت کی جنوبی پنجاب میں اتائیت کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے اور جنوبی پنجاب کے تمام ہسپتالوں اور مراکز میں ہیلتھ کئیر کمیشن کے مقررہ اسٹینڈرڈ کو اپنایا جائے۔
سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر خان ،ملتان کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ملتان،خانیوال، وہاڑی اور ضلع لودھراں کے سی ای اوز ہیلتھ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔