انتخابات 2024؛ ٹنڈومحمدخان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس کا فلیگ مارچ

17

ٹنڈومحمدخان،05 فروری (اے پی پی): 8 فروری کے عام انتخابات میں سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے فلیگ مارچ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر دھرمو باوانی اور ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید سلیم شاہ نے ایس ایس پی آفس سے فلیگ مارچ کا آغاز کیا۔

فلیگ مارچ کے دوران قافلے میں شامل پولیس موبائلز، بکتر بند گاڑیوں سمیت چھوٹی بڑی گاڑیوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی پرچم اور کشمیری پرچم نصب تھے، فلیگ مارچ نے ضلع بھر کی تمام حساس، انتہائی حساس و نارمل پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر دھرمو باوانی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کو سو فیصد شفاف و کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سید سلیم شاہ نے کہا کہ کوئی چاہے کتنا ہی بااثر کیوں انتخابی عمل کے دوران امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر سے سختی سے نبٹا جائے گا۔

فلیگ مارچ میں ضلع بھر کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، پولیس چوکیوں کے انچارجز سمیت سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔