وہاڑی،05 فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر / ڈی آر او سید آصف حسین شاہ کی زیر صدارت ضابطہ اخلاق میڈیا برائے الیکشن 2024 کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد ڈپٹی کمشنر ڈی آر او آفس کے کمیٹی روم میں کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم نے صحافیوں کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق برائے میڈیا کی تربیت دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن 2024کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،الیکشن کے موقع پر میڈیا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جائے، الیکشن کو آزادانہ، غیر جانبدارانہ،شفاف بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن میڈیا پرسنز کو الیکشن کمیشن کی طرف سے ایکریڈیشن کارڈ جاری کئے گئے ہیں وہ الیکشن مراحل کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
ڈی آر او سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ میڈیا ووٹ کی راز داری کو ہر صورت مقدم رکھے گا اور ووٹنگ اسکریننگ کے پاس جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2024پر امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کر لئے گئے ہیں۔
ڈی پی او وہاڑی محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ کارڈ ظاہر کرنا ہو گا،تمام متعلقہ اداروں نے الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے اپنا کر دار ادا کرنا ہے۔











