سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ایم سی ایل کے شعبہ پلاننگ میں شفافیت ،میرٹ اور پبلک انٹرسٹ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات

10

لاہور، 1 فروری (اے پی پی): سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ایم سی ایل شعبہ پلاننگ کی مانیٹرنگ مزید سخت کرتے ہوئے شعبہ پلاننگ میں شفافیت ،میرٹ اور پبلک انٹرسٹ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا شروع کر دیے۔

سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے لاہور کے تمام زونز کے پٹواریوں سرویئرز اور بلڈنگ افسران کو زیڈ او پی سمیت طلب کر لیا ۔ انھوں نے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ پٹواری،سروئیر ، بلڈنگ انسپکٹر اور زیڈ او پی زیر التوا کیسز کے حوالے سے جواب دیں گے۔ شعبہ پلاننگ کے افسران سے روزانہ کی بنیاد پر زوم میٹنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ ابتدائی طور پر لاہور شہر میں نقشہ جات کی منظوری کے میکانزم کو مربوط کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے بعد تمام اضلاع کے شعبہ پلاننگ میں اصطلاحات اور بہتری کے لیے اقدامات  کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پلاننگ ونگ کے پورے عملے کو موبائل ایپ اور ای کنسٹرکشن پورٹل کے حوالے سے مکمل آگہی ہونا لازم ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر زوم میٹنگ میں نقشہ جات ،زیر التوا کیسز ،نوٹسز اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک زون کو مانیٹرکیا جارہا ہے۔

سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ ای کنسٹرکشن پورٹل کو 100گھنٹوں میں فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا ،جسے پورا کیا گیا ہے۔ شعبہ پلاننگ میں میرٹ اور شفافیت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کو فروغ دیا جا رہا یے۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے سروے مکمل کر لیا ہے۔ سیکرٹری بلدیات  نے کہا کہ شہری نقشہ جات کی منظوری کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں ہم سے رابطہ کریں۔ لاہور میں غیر قانونی تعمیرات اور  ملی بھگت پر پلاننگ ونگ کے افسران کا کڑا محاسبہ ہوگا۔