اسلام آباد،07فروری(اے پی پی): محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ تاہم گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ خطہ پوٹھوہارمیں رات کے دوران سرد ہوا ئیں چلیں گی۔
کل یعنی جمعرات کو عام انتخابات 2024 والے دن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ شمال مشرقی پنجاب میں چند مقا مات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقا مات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بہاولپور اور بارکھان میں 04،ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 03، خانیوال، رحیم یار خان 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ زیارت میں01 انچ برفباری ریکارڈ ہوئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 16، کالام منفی13، استور منفی08، گو پس ،اسکردو منفی 07 ، بگروٹ منفی 06، مالم جبہ منفی05، گلگت، ہنزہ اورراوالاکوٹ میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔











