لاہور،5فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی و اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام فورمز پرمسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وہ پیر کو الحمرا آرٹس کونسل مال روڈ میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔تقریب میں سیکرٹری انفارمیشن دانیال سلیم گیلانی، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب روبینہ افضل، کشمیری حریت رہنمامشتاق محمود اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام فورمز پرمسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی بہتری کے ساتھ اس کردار کو ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج 5 فروری کو پاکستان کے کروڑوں عوام سمیت دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں کشمیری ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ حملے اور قبضے کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ بھارت کاریاست جموں و کشمیرپر 27 اکتوبر 1947 کا حملہ ایک ایسی مسلح جارحیت تھی جس نے خطے کا امن مسلسل تباہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کینیڈا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک ہندوستان کے عزائم سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل ہندوستان کے لیے بھی بہتر ہے۔ ہمیشہ انصاف اور اچھائی میں بہتری ہے جبکہ ظلم اور جبر کو آخرکار شکست ہوتی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آج پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے کشمیری متحد ہو کر دنیا کو یہ واضح پیغام دے رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ برصغیر کا ایک بنیادی مسئلہ ہے جس پر عالمی امن اور جنوبی ایشیا کی سوا ارب سے زائد آباد ی کا مستقبل وابستہ ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اس عزم کو دہرایا کہ حکومت پاکستان اور 24کروڑ سے زائد پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان مظلوم کشمیریوں کی انسانی، اخلاقی اور سفارتی لحاظ سے بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایک تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیااور آخر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی کی قیادت کی۔