پشاور، 5فروری(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے آج پشاور صدر اور کینٹ ڈویژنز کا دورہ کیا اور شہر کے مضافات اور باؤنڈری پر واقع انتہائی حساس، حساس اور تمام پولنگ سٹیشنز کی مجموعی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایس پی عبدالسلام خالد نے صدر ڈویژن کے سکیورٹی انتظامات جبکہ ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے کینٹ ڈویژن میں کیے گئے تمام تر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کاشف آفتاب عباسی نے سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹی سے متعلق ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے حوالے سے پرعزم ہے اور ہر قسم کے نامساعد حالات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے کہا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس ضلع پشاور میں بھی پرامن انتخابات کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جسکو بھرپور طریقہ سے مکمل کیا جائیگا اور ساتھ ہی شہر میں امن وامان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔
اس موقع پر صدر ڈویژن عبدالسلام خالد، ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق، اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔