اسلام آباد،02 فروری (اے پی پی): رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس محمود احمد ساگر نے کہا ہے کہ ہر سال دنیا بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور وہاں کی عوام کو حوصلہ دینا ہے۔کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر حکومت پاکستان بشمول تمام مذہبی جماعتوں اور عوام کا بے حد شکر ادا کرتے ہیں۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے اس دن کے منانے سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند رہتے ہیں اور ان کا احساس ہوتا ہے کہ وہ اس جدوجہد میں تنہاء نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کسی صورت خود کو تنہا نا سمجھیں، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قراردادیں ابھی بھی اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر موجود ہیں اور اقوام متحدہ کی فوجیں بھی کشمیر کی سرحدوں پر موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل ہونا ابھی باقی ہے۔











