فیصل آباد،07 مارچ (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے نیو کیمپس میں گیارویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین کے ہمراہ یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل آفیسرز شریک تھے۔ تقریب میں پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز، ایم فل، ایسوسی ایٹ ڈگری، ماسٹرز ڈگری، ایل ایل بی اور بی ایس آنرز کے مختلف سیشنز کے 87356 طلبا و طالبات کو ڈگریز تفویض کی گئیں۔ تعلیمی میدان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے پر 178 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز، براؤن میڈل حاصل کرنے والے 228 جبکہ 226 طلبا و طالبات کو سلور میڈلز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نیطلباء و طالبات کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ان کا کہنا تھا کہ یقینا آج کا دن طلبہ کے لئے باعثِ مسرت اور کامیابیوں سے بھر پور ہے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ اپنے منفرد تحقیقی ذہن کے ذریعے ادارے، اساتذہ اور ڈگری کے وقار میں اضافہ کریں گے اور طلبا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے اس موقع پر گورنر پنجاب کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی کی گزشتہ برسوں میں حاصل کردہ کامیابیوں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں جدید تحقیق و تدریس کی طرف بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پنجاب میں پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان بھر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
کانووکیشن میں سینڈیکیٹ ممبران، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔