معاشرے کے حسن، وقار، تنظیم اوراستحکام کا راز عورت کی پر خلوص قربانیوں اور لازوال جدو جہد میں پوشیدہ ہے؛ اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا

2

سرگودھا،8مارچ (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر تحصیل سرگودھا آمنہ احسان نے کہا ہے کہ معاشرے کے حسن، وقار، تنظیم اوراستحکام کا راز عورت کی پر خلوص قربانیوں اور لازوال جدو جہد میں پوشیدہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی معاشرتی سوچ کو تبدیل کریں، معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل، کارروکاری کا خاتمہ کیا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر تحصیل سرگودھا آمنہ احسان  نے کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ضلع سرگودھا اور سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف سرگودھا کے اشتراک سے عالمی یومِ خواتین کے حوالے سے ایس او ایس چلڈرن ویلج سرگودھا میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ معاشرے کے حسن، وقار، تنظیم اوراستحکام کا راز عورت کی پر خلوص قربانیوں اور لازوال جدو جہد میں پوشیدہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی معاشرتی سوچ کو تبدیل کریں، معاشرے سے غیرت کے نام پر قتل، کارروکاری کا خاتمہ کیا جائے، بچیوں کو بیٹوں کے برابر مساوی حقوق دئیے جائیں۔ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں تو یقیناً ہمارا ملک درست معنوں میں ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔

اس موقع پر چیئرپرسن سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف سرگودھا میڈم بینش اعجاز نے کہا کہ عورت کو ایک بلند مرتبہ انسان کی حیثیت سے دیکھا جانا چاہئے تاکہ معلوم ہو کھ اس کے حقوق کیا ہیں گھر کی فضا کی طمانیت اور آشیانے کا چین و سکون عورت اور اس کے مزاج پر موقوف ہے۔ معاشرے کی فلاح و بہبود میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

اس موقع پر ثمرین اختر نے کہا کہ معاشرہ افراد سے بنتا ہے اور فرد کی اصلاح ایک مسلسل عمل کی متقاضی ہے، کیونکہ افراد کا تشکیل پذیر معاشرہ بھی افراد ہی کی طرح ہمیشہ اصلاح کا طلبگار رہتا ہے، بالخصوص موجودہ دور میں معاشرے میں اعلیٰ اقدار زوال پذیر ہوتی جا رہی ہیں۔ اچھائیوں کا تناسب روز بہ روز کم اور برائیاں بڑھ رہی ہیں، لہٰذا معاشرے میں اصلاح کی ضرورت پہلے کے مقابلے آج کچھ زیادہ ہی ہے۔

 تقریب کے اختتام پر سیمینار میں شریک مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا اور علامتی واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان سرگودھا اسٹیشن میں بھی عالمی یومِ خواتین کے حوالہ سے پروگرام کیا گیا۔