سرکاری اداروں، گھروں اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جارہا ہے: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین

0

 

لاہور، 29مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے رایہ گولف اینڈ کنٹری کلب ڈیفنس میں چین کی کمپنی ہواوے کی نئی سولر پراڈکٹ کے اجراء کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر نے چینی کمپنی کے حکام کے ساتھ مل کر نئی سولر پراڈکٹ کا اجراء بھی کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج کا سامنا ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط دوستانہ اور معاشی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک گرین انرجی میں مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سولر ٹیکنالوجی کے فروغ سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ غیر ملکی کمپنیوں سے پنجاب میں سولر پینلز کی تیاری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کی کمپنی ہواوے  بھی سولر سیکٹر میں تعاون کرے۔ سولر پینلز کی موٹرزکی درآمد پر عائد بھاری ڈیوٹی میں کمی کے لئے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔ پنجاب کے 18 خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال کی انکم ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔ چینی کمپنیاں ان صنعتی مراکز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں سولر ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انڈسٹری، سرکاری اداروں، گھروں اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔  انھوں نے کہا کہ چینی کمپنی ہواوے پنجاب میں سولر پینل کی تیاری کا پلانٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے۔ صوبائی وزیر نے چینی کمپنی کو شاندار نئی سولر پراڈکٹ کے اجراء پر مبارکباد دی۔

تقریب میں چینی کمپنی کے ریجنل ڈائریکٹر زوزوان ہینگ، ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر زوان زیلانگ، کمپنی کے دیگر حکام اور چینی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔