سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا چاہیے؛عطاءاللہ تارڑ

42

اسلام آباد، 28 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہئے اور سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر زوئی ویئر  سے  ملاقات  میں  کیا۔  ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

زوئی ویئر نے مسلم لیگ (ن) کو حکومت کی تشکیل اور عطاءاللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دوران ملاقات وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں۔

ملاقات میں فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔زوئی ویئر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔