سکھر،23مارچ(اے پی پی):آئی جی موٹر وے سلمان چودہدری ،ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن منیر احمد شیخ اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ محمد سلیم کی خصوصی ہدایت پر پورے ملک کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا،اس سلسلے میں ایس پی موٹروے سکھر سیکٹر رانا محمد اسماعیل کی زیر نگرانی سکھر سیکٹر کے تمام دفاتر میں قرآن خوانی اور تلاوت کلام پاک کا انعقاد کیا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور وطن سے بھرپور محبت کا اظہار بھی کیاگیا۔
اس موقع پر ایس پی موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر رانا محمد اسماعیل کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کی جدوجہد میں اپنے بزرگوں کی دی گئیں انمول قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور آزادی کی تحریک کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر رانی پور ٹول پلازہ روہڑی ٹول پلازہ،گھوٹکی ٹول پلازہ اور اباؤڑو ٹول پلازہ پر موٹر وے پولیس کے افسران کے ہمراہ ننھے بچوں نے موٹر وے پولیس کی خوبصورت یونیفارم زیب تن کر کے آنے جانے والے مسافروں میں پاکستانی پرچم اور تحائف تقسیم کئے۔ جبکہ روڈ حادثات سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سمیت روڈ سیفٹی پمفلیٹس بھی تقسیم کئے گئے جس پر مسافروں نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور موٹر وے پولیس کی تعریف بھی کی۔