لاہور13 مارچ:( اے پی پی ) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور وزیر زراعت سید عاشق کرمانی نے بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر بھی ہمراہ تھیں۔صوبائی وزرا نے منڈی میں پیاز کی نیلامی کے عمل کو مانیٹر کیا اور آڑھتوں کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وزراء نےپیاز کی سپلائی کو بہتر بناے اور قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی۔وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کی درآمد کو بڑھایا جائے اور مارکیٹ میں بہتر مینجمنٹ سے قیمتیں کم کی جائیں، قیمتیں کم ہوں گی تو عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے گا، شہریوں کو پیاز کی کم قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مختلف مقامات پر ٹرکنگ پوائنٹس قائم کریں، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ ماہ مبارک میں شہریوں کو معیاری، وافر اور کم قیمت اشیائے ضروریہ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، حکومت پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، مارکیٹ میں پیاز، ٹماٹر اور آلو کی سپلائی کو بہتر بنا رہے ہیں۔











