قدرتی آفات سے پیداہونے والی صورتحال سے نمٹنے  اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کےلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف

1

اسلام آباد،19مارچ  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف  نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے پیداہونے والی صورتحال سے نمٹنے  اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کےلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے،امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے،حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت اکیلا نہیں چھوڑ سکتا،متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں  گفتگوکرتےہوئے کیا۔  اجلاس میں  وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر  منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات  احسن اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں  وزیر اعظم کو این ڈی ایم اے کی جانب سے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور ریسکیو و امداد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں  وزیراعظم نے  حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی امداد جلد اور شفاف انداز میں مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے  این ڈی ایم اے کو صوبوں کے ساتھ مل کر جوائنٹ سروے جلد مکمل کرنے کی  بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم  نے ہدایت کی  کہ  این ڈی ایم اے کو قدرتی آفات کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ آئندہ تعاون مزید بڑھائے ۔ وزیر اعظم نے  اپنے گزشتہ دورِ حکومت میں این ڈی ایم اے کو اپنی تکنیکی استعداد بڑھانے کے حوالے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ  حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو حکومتی امداد کی فراہمی جلد مکمل کی جائے، امداد کو شفاف انداز سے لوگوں تک پہنچایا جائے، مشترکہ سروے  مکمل کرکے امداد صرف اور صرف متاثرہ مستحقین کو ہی پہنچائی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور لوگوں کے ریسکیو و مدد کےلئے جامع لائحہ عمل ضروری ہے، حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کو کسی قیمت اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کو حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں نقصانات اور وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی کاروائیوں و امدادی رقوم کی تقسیم کے بارے بتایا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے صوبوں بالخصوص بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل و جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی تصدیق کےلئے جلد مشترکہ سروے مکمل کر لے گی،   یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر گوادر میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 66 ہزار کلو خشک راشن 24 مارچ تک تقسیم ہوگا جس میں سے 3 لاکھ 88 ہزار کلو راشن 16 مارچ تک تقسیم کر لیا گیا ہے،  اس کے علاوہ کوئٹہ اور دالبندین میں 97 ہزار کلو خشک راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ اجلاس کو رواں برس اپریل تا جون اور جولائی تا ستمبر کی موسمی پیش گوئی اور این ڈی ایم اے کی اس حوالے سے تیاری کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔  وزیر اعظم کو این ڈی ایم کی جانب سے غزہ کے متاثرین کی امداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اکتوبر سے اب تک غزہ کے متاثرین کےلئے 320 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔ وز یر اعظم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے این ڈی ایم اے کو صوبوں سے تعاون کی ہدایت کی۔