اسلام آباد،04 مارچ(اے پی پی): نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہاکہ قرآن کریم کے علوم کو پھیلانا ہر مسلمان مرد و عورت کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں العصر سکول سسٹم کے زیر انتظام ‘‘بامقصد زندگی’’ کے عنوان پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انیق احمد نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ قرآن کریم ہمیں تسخیر کائنات کا درس دیتا ہے۔ ہمیں دنیا کو دین کا خادم بنانا ہے، دین اور علم کی بات کو آگے پھیلانے کیلئے خود کو آمادہ کرنا ہو گا۔ جن کے پاس علم ہے اور جو بے علم ہیں کبھی برابر نہیں ہو سکتے۔ قرآن ذہن انسانی کی امامت تاقیامت کرتا رہے گا۔ قرآن کو سمجھے بغیر صاحب قرآن کو سمجھنا ممکن نہیں اور صاحب قرآن کو سمجھنے کیلئے قرآن کا سمجھنا ضروری ہے۔ علم خدا خوفی کا نام ہے۔ ہمیں تمام دنیاوی علوم میں توحید کو لازم رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنحضورﷺ کی آمد عہد قدیم کا خاتمہ اور دورِ جدید کا آغاز ہے۔ قبل ازیں سکول کے بچوں نے مسئلہ کشمیر و فلسطین پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیے اور حاضرین کی داد سمیٹی۔ تقریب کے آخر میں نمایاں کارکردگی کے حامل بچوں کو اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔











