ڈیرہ غازی خان, 04 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے میٹرک کے امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نےمیٹرک کے انگریزی کے پیپر کے دوران طالبات سے امتحانی سنٹر پر دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔انہوں نے سنٹر انچارچ سے امتحانی پراسس کی معلومات لیتے ہوئے کہا کہ امتحانات طلباوطالبات کی قابلیت جانچنے کا بڑا ذریعہ ہیں،امتحانات میں شفافیت قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو پرسکون ماحول کی فراہمی کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں اور امتحانی مراکز میں غیرمتعلقہ افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے،مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ناجائز ذرائع استعمال کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی اورضلع میں امتحانی سنٹرز کی چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے طالبات کی رولنمبر سلیپس،شناخت اور دیگر پڑتال کےعمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سکول میں صفائی و ستھرائی کا معائنہ کیا اور گراونڈز کو مزید خوبصورت بنانے کی بھی ہدایات بھی دیں۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ گرلز سکول نمبر ون فرزانہ انجم بخاری بھی ہمراہ تھیں۔











