ملتان،21مارچ(اے پی پی):ماحولیاتی سائنسز میں بیچلر کی طالبہ نِسا فاروق نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا ترجمان ہے۔
23 مارچ( یومِ پاکستان) کے حوالے سے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے خصوصی گفتگو میں نِسا فاروق نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء، اس قومی دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ جس روز برصغیر میں پہلا شخص مسلمان ہوا تھا تو اسی روز دو قومی نظریہ نے جنم لیا اور مسلمانوں کیلئے الگ وطن کے حصول کی جدوجہد کا بھی آغاز ہو گیا تھا اور اسی دو قومی نظریہ کی بنیاد پر ہی مملکت اسلامیہ پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔
نِسا فاروق نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں منعقدہ مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام جلسہ عام میں قرارداد لاہور منظور کی گئی جسے قیام پاکستان کے بعد قرارداد پاکستان بھی کہا جانے لگا۔ اس قرارداد میں واضح کیا گیا کہ برصغیر کے ایسے علاقے جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں انہیں الگ ریاست بنا دیا جائے تاکہ مسلمان آزادانہ طور اسلامی شعائر کے مطابق اپنی زندگی گذار سکیں۔