قومی و معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کی ذہنی صحت ناگزیر ہے؛ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر

47

 

فیصل آباد، 09 مارچ (اے پی پی): فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے کہا ہے کہ قومی اور معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کی ذہنی صحت ناگزیر ہے،جب تک خواتین ذہنی طور پر صحتمند نہیں ہونگی کوئی بھی ملک یا قوم ترقی نہیں کرسکتی۔

 ہوم ٹاؤن کمیونٹی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خواتین کی ذہنی صحت کے متعلق الائیڈ ہسپتال ٹو میں ہفتہ کے روز ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے کہا کہ ذہنی صحت سے مراد زندگی کے جسمانی، جذباتی اور روحانی شعبوں میں توازن تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عورتوں میں ذہنی مسائل کا عارضہ بڑھتا جا رہا ہے جس کی کچھ وجوہات میں سے طلاق،  کسی عزیز کی موت، جسمانی بیماری اورکم آمدنی ہونا جیسے مسائل ہیں جو ذہنی عارضے کو جنم دیتے ہیں۔اس کے برعکس اچھی ذہنی صحت کی حامل خواتین زندگی کو بامقصد سمجھتی ہیں کیونکہ وہ با اعتماد ہوتی ہے اور منفی جذبات مثلاً ڈپریشن، غصہ، ناراضگی یا پریشانی کو ملحوظ خاطر نہیں رکھتیں۔

 انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر ہر سال ایک مخصوص موضوع ہوتا ہے۔ اس مرتبہ 2024 کی تھیم “خواتین میں سرمایہ کاری اور پیشرفت کو تیز کریں” رکھی گئی ہے جس کا مقصد معاشی عدم استحکام سے نمٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمپاورمنٹ کا مطلب ہے کہ آپ کے پاس کتنا اختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کوہنر فراہم کرنے سے وہ خود مختار ہوں گی جس سے ملک و قوم میں خوشحالی آئے گی۔

 صدر ہوم ٹاون کمیونٹی فاونڈیشن محمد سیلم بلندیانے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی، سماجی اور معاشرتی تعمیر و ترقی کیلئے خواتین کی ذہنی صحت بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ذہنی صحت کو انسان کا بنیادی حق قرار دیا ہے۔ جب تک خواتین دماغی طور پر صحت مند نہیں ہونگی اس وقت تک تمام مسائل پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔

 ایم ایس ڈاکٹر محمد ظفر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلام نے خواتین کو تمام حقوق سے نوازا ہے،ہمارا مذہب بہت خوب صورت ہے۔ اس میں خواتین کا ہر دن ایک خاص دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام نے جو حقوق دیئے ہیں اس کے بعد کسی بھی حق کو لینے کیلئے سڑکوں پر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتیں کو اپنے کردارسے اپنے اخلاق سے اپنے آپ کو منوانا چاہیے۔ ماں کا اعلیٰ کردار بچوں اچھی تربیت کیلئے بہت ضروری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ خواتین میں ڈپریشن کی وجہ وٹامنز کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے موقع پر بھی خواتین پریشان ہوجاتی ہیں۔ اس لئے بیماریوں سے آگاہ ہونابہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق کے بارے میں بھی آگاہی ہونی چاہیے۔جن اداروں میں خواتین کام کرتی ہیں ان کے سربراہان کو بھی ان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو دوسروں کے پراجیکٹ میں مدد کرنی چاہیے۔

 ہوم ٹاون کمیونٹی فاونڈیشن کی مجلس عاملہ کے ڈائریکٹرمحمد اطہر،مشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر نگہت بدر، پرنسپل نرسنگ سکول الائیڈ ہسپتال ٹو میڈیم شمیم،ماہر نفسیات میڈیم ثمرین افضل، ہوم ٹاون کمیونٹی فاونڈیشن کی کوارڈی نیٹر نسرین سلطانہ،معروف ماہر نفسیات محسن رضا شوکت، ڈاکٹر علامہ عدنان فاروق، میڈیم جویریہ،ڈاکٹر رضوان و دیگر بھی موجود تھے۔