لاہور؛خواتین کا عالمی دن ، پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد

4

لاہور، 8 مارچ (اے پی پی): خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈآفس میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سوشل سکیورٹی ہیڈآفس میں کام کرنے والی فی میل افسران وسٹاف نے شرکت کی۔ تقریب میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔

کمشنر سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے اس موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پنجاب سوشل سکیورٹی میں کام کرنے والی خواتین اپنے شعبہ جات میں بہترین کارکردگی دکھا رہی ہیں۔  کمشنر سوشل سکیورٹی نے کہا کہ ادارہ کی ترقی میں مرد حضرات کے ساتھ ساتھ خواتین افسران و سٹاف کا اہم کردار ہے۔  پنجاب سوشل سکیورٹی کی حالیہ ریکوری مہم میں فیلڈمیں کام کرنے والی خواتین افسران نے زبردست کام کیا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین افسران و سٹاف نے اپنی محنت سے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی شعبہ میں پیچھے نہیں ہیں۔

 نادیہ ثاقب نے کہا کہ ہم سب کو مل کر صنعتی اداروں میں کام کرنے والی محنت کش خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے۔ آج کے دن یہ ضروری ہے کہ ہم خواتین کی گرانقدر خدمات کو تسلیم کریں اور اُن کی حوصلہ افزائی کریں۔

نادیہ ثاقب نے کہا کہ صنعتی اداروں میں کام کرنے والی ہماری محنت کش خواتین کا ملکی ترقی میں سب سے اہم کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل کئے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

کمشنر سوشل سکیورٹی، نادیہ ثاقب نے کہا کہ ادارہ میں درپیش خواتین افسران و سٹاف کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔