لاہور؛ وزیر خوراک بلال یاسین کا ستھرا پنجاب مہم کے تحت مختلف علاقوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ  

15

لاہور،23 مارچ (اے پی پی): وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت کریم پارک، امین پارک، موہنی روڈ، بلال گنج کے علاقوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔انھوں نے کچا راوی روڈ، باغ منشی لدھا، قصور پورا، جموں والا کھوہ کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنائیں گے، صفائی نصف ایمان ہے، ماہ مقدس میں اس پیغام کو گھر گھر پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ تمام علاقوں میں صفائی آپریشن کو پروفیشنل انداز میں چلائے، شہری اپنے گرد و نواح میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں بازاروں میں نہ پھینکیں۔

گلیوں، بازاروں، پارکس اور شاہراہوں کی صفائی مہم میں 100 سے زائد آپریشنل گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ داتا گنج بخش ٹائون میں 800 سے زائد صفائی ورکرز خصوصی صفائی مہم میں شریک ہوئے۔