ملتان؛شاہراہوں کے منصوبے بارے جائزہ اجلاس، تعمیر کے لئے پی سی ون کی تیاری

0

ملتان،25مارچ(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کی اہم شروع کردی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیرصدارت شاہراہوں کے منصوبے بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سروسز انجینئرامجد شعیب خان ترین اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی آفتاب پیرزادہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملتان سے وہاڑی تک اور بہاولپور سے جھانگڑہ انٹر چینج تک ڈیول کیرج وے کی تعمیر کے لئے نئے بجٹ میں فنڈ مختص کئے جائیں گے ۔چوک اعظم تا لیہ کشادہ شاہراہ کی تعمیر کے لئے بھی نئے مالی سال میں فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ملتان سے وہاڑی تک 93.50 کلومیٹر طویل شاہراہ پر27 ارب روپے لاگت آئے گی۔بہاولپور سے جھانگڑہ انٹر چینج تک کیرج وے کی تعمیر پر 13 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جھانگڑہ انٹر چینج تک کیرج وے کی تعمیر سے موٹروے تک رسائی آسان ہوجائے گی،فواد ہاشم ربانی نے کہاکہ لیہ سے چوک اعظم تک 68 کلومیٹر دو رویہ شاہراہ کے لئے بھی نئے مالی میں بجٹ حاصل کیا جائے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تینوں منصوبوں کے پی سی ون 5اپریل تک حکومت کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1388 ملین روپے کی لاگت س زیر تعمیر چشتیاں تا ہارون آباد روڈ کو جلد مکمل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ 1345ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی کچا کھو سے عبدالحکیم شاہراہ کے افتتاح کی تیاریاں کی جائیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری راﺅ دلشاد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے منصوبوں کا سروے اور پیپر ورک مکمل کرلیا ہے۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ شاہراہوں کی تعمیر کے پی سی ون 5 اپریل تک حکومت کو جمع کرا دیئے جائیں گے۔