آئیوری کوسٹ کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے؛صدر مملکت آصف علی زرداری

30

 

اسلام آباد،25مارچ(اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئیوری کوسٹ کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے ،پاکستان کے آئیوری کوسٹ کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے آئیوری کوسٹ میں پاکستان کے نامزد سفیر محمود اختر محمود سے گفتگو میں کیا۔ سفیر نے پیر کو یہاں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی نے کہا کہ نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کریں، آئیوری کوسٹ کو پاکستانی چاول، طبی اور جراحی آلات، دوائیں اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعلقات  بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ عوامی روابط فروغ دینے کے امکانات بھی تلاش کریں۔

صدر مملکت نے محمود اختر محمود کو آئیوری کوسٹ میں بطور پاکستانی سفیر تقرری پر مبارکباد دی۔