کراچی،23 مارچ (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک خود مختار مملکت کے حصول کیلئے کی گئی جدوجہد اور دی گئیں قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پرمیونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، جمن دروان، سینئرڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی اور دیگر رہنما اور افسران بھی موجود تھے۔