پشاور۔ 02 مارچ (اے پی پی):نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔ہفتہ کو گورنرہاؤس پشاور میں نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں علی امین خان گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے علی امین خان گنڈاپور سے بطور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں اسپیکر صوبائی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، میئر پشاور حاجی زبیرعلی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور اور کمشنر پشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔
گورنرحاجی غلام علی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔











