کراچی ،ایران میں منعقدہ 33 ویں فجر اوپن اور ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ ایشیاءکپ میں شرکت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی واپسی

19

 

کراچی،2مارچ (اے پی پی ): ایران کے دارلخلافہ تہران میں کھیلی جانے والی33 ویں فجر اوپن اورورلڈ تائیکوانڈوپریذیڈنٹ ایشیاءکپ میں شرکت کے بعد پاکستانی کھلاڑی ہارون خان، حمزہ سعید، مظہر عباس،شاہ زیب خان، اربازخان،اختشام الحق وطن واپس پہنچ گئے ۔

کراچی کے  جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے ایگزیکٹیو ممبر  زبیر ماچاو دیگر عہدیداران نے پھولوں کے ہارپہنا کر گرمجوشی سے قومی ٹیم کااستقبال کیا۔

 اس موقع پر فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپئین شپ کی +87 کیٹیگری میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے حمزہ سعید کاکہنا تھاکہ چیمپئین شپ کے دوران مدمقابل کھلاڑیوں سے سخت مقابلہ رہا خصوصا ًایرانی کھلاڑیوں نے ٹف ٹائم دیا تاہم ہمارے ہیڈ کوچ یوسف کرامی کی بھرپوررہنمائی اور ٹریننگ سیشنز میں کی گئی محنت کی بدولت اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا، میرا اگلا ٹارگٹ پیرس اولمپک کیلئے رواں مارچ چین میں کھیلے جانے والے ایشین اولمپک کوالیفائی مقابلوں اور مئی میں ویتنام میں ہونے والی ایشین تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنا ہے، جس کیلئے اپنی ٹریننگ پرمزید توجہ دوں گا۔

 واضح رہے کہ پاکستان کے حمزہ سعید کو فجر اوپن چیمپئین شپ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے پریذیڈنٹ ایشیاءکپ میں براﺅنز میڈل بھی اپنے نام کیا ،ورلڈ تائیکوانڈوپریذیڈنٹ ایشیاءکپ میں -54 کیٹیگری میں براﺅنز میڈل جیتنے والے شاہ زیب خان کاکہنا تھا کہ گولڈ میڈل نہ جیتنے کا بہت افسوس ہے سیمی فائنل میں قازقستان کے بیکٹور اورلخانیو سے بہت سخت مقابلہ رہا بدقسمتی سے فائٹ ہار گیا ۔

دریں اثناءپاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل وسیم جنجوعہ اور سی ای او عمرسعید نے ایران میں قومی ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے آنے والے ایونٹس میں کھلاڑیوں سے مزید بہتر نتائج کی امید ظاہر کی ہے۔