لاہور، 19 مارچ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ماڈل میکنزم نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ماڈل میکنز م کا پلان طلب کر لیا، کاشتکاروں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی
اجلاس میں صوبہ بھر میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی تجویز پر اتفاق صوبے کے ہر ڈویژن میں 23مجوزہ لینڈ فل سائیٹس کا پلان پیش کیا گیا ۔ساہیوال میں فنکشنل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ، دیگر شہروں میں نافذ کرنے پر غور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر ڈویژن میں کچرے کی سیگری گیشن پلانٹ نصب کرنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی کے نئے نظام سے سوا لاکھ تک نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ پنجاب بھر میں صفائی کا پائیدار اورموثر نظام لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کا بہترین نظام لائیں گے،ماڈل سروسز مہیا کی جائیں گی۔ہر گلی، محلے او ردیہات کی صفائی کا پائیدار نظام نافذ کیاجائے گا۔گاؤں او ردیہات کا دورہ کرکے خود صفائی کے نظام کے بارے میں جائزہ لوں گی۔ دیہات میں کمیونٹی کے اشتراک سے گلی، محلے کو صاف ستھرا بنائیں گے۔لوکل کمیونٹی کو صفائی مہم کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے شامل کیا جائے۔ صفائی ہونے سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ بیماریاں او رآلودگی بھی کم ہوگی۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور میں وزٹ کے دوران کئی گلیوں میں گندگی کی وجہ سے گزرنا مشکل تھا۔اجلاس میں عوام کو صفائی کی سہولت یقینی بنانے کیلئے لوکل کمیونٹی کمیٹی بنانے اور ساہیوال اور سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، فنانس،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ایکسپرٹ ڈاکٹر کامران، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ایکسپرٹ احسن بیلہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔