وفاقی وزیر جام کمال خان سے  ترکیہ کے سفیر  کی  ملاقات ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

21

اسلام آباد، 28 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے  ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے جمعرات کو یہاں  ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر  نے جام کمال خان کو وزارت تجارت کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ ملاقات کے دوران، ڈاکٹر پیکاسی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان اقتصادی اہداف حاصل کرنے کے لیے روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے کہا کہ  دو طرفہ تجارت کو 5 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے کا ہدف دونوں ممالک کے رہنماؤں نے طے کیا تھا۔  وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ  ترکی ہمارا برادر ملک ہے جن کے آپس میں تاریخی تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلق کو مختلف شعبوں جیسے معاشی، سیاسی، دفاعی اور ثقافتی میدان میں اور بڑھانے کی ضرورت ہے۔

جام کمال نے ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر حالیہ دستخط کی بھی تعریف کی اور مستقبل قریب میں تجارت کے شعبے میں اضافی مفاہمت کی یادداشتوں  کے ذریعے تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے بارے میں امید ظاہر کی۔