مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد کا دورہ بہاولنگر ،علماء کرام سے ملاقاتیں کیں

0

بہاولنگر،28 مارچ(اے پی پی ):  چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد لاہور ایک روزہ دورے پر بہاولنگر پہنچے، انہوں نے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں اور مختلف علاقوں میں الشیخ  آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے غریب نادار اور مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا۔

اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کبھی پورے نہیں ہونگے، اسلام ہمیں غرباء اور بے سہارا لوگوں کی معاونت کا درس دیتا ہے مخیر حضرات کے تعاون سے الشیخ آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے، رواداری کے فروغ کے لیے بین المذاھب ہم آہنگی کے لئے حکومت اور علماء کرام کا کردار اہم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  بہاولنگر کے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرکے دلی خوشی محسوس کررہا ہوں، علماء کرام اور شہریوں نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کو صدارتی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی دی ۔