لاہور 15 مارچ ( اے پی پی ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر کو اتھارٹی کی جانب سے دی جانے والے سروسز پر بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ارشاد وحید کی جانب سے صوبائی وزیر کو محکمانہ امور بارے جامع بریفنگ دی گئی اور پنجاب بھر میں خواتین کی پروٹیکشن بارے بنائے قوانین پر بھی روشنی ڈالی گئی۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلٰی مریم نواز خواتین کو ایمپاور کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ صوبے میں خواتین کو معاشی، معاشرتی اور سماجی لحاظ سے محفوظ ماحول دینا ہمارا مشن ہے۔ خواتین کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروکار لایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی جی سوشل پرٹیکشن اتھارٹی کو خواتین کے لیے جلد ایک مربوط ہیلپ لائن قائم کرنے اور خواتین کے اداروں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو فل پروف بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔