پنجاب کے پہلے بڑے سرکاری کینسر ہسپتال میں ہر سٹیج کے مریض کاعلاج کیاجائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف

24

لاہور13مارچ:( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہیلتھ پراجیکٹ سے متعلق 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا ۔

سیکرٹری صحت نے ہسپتال، ادویات اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اجلاس میں ہیلتھ ریفارمز اوردیگر اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مریضوں کو ان کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی جلد ازجلد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور سرکاری ہسپتالوں میں کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم دیا ۔وزیراعلیٰ نے فیلڈ ہاسپٹل اور کلینک آن ویل پراجیکٹ کو جلد از جلد پوری طرح فنکشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام دیہی اوربنیادی مراکز صحت کی تعمیر و مرمت و اپ گریڈیشن کی جائے گی جس کے تحت صوبہ بھر میں 2500بی ایچ یو اور300آر ایچ سی کی اسی سال اپ گریڈیشن ہوگی  ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں کینسر ہسپتال کا پہلا فیز اسی سال مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، 2سال میں پورا ہسپتال بنایا جائے گا۔پنجاب کے پہلے بڑے سرکاری کینسر ہسپتال میں ہر سٹیج کے مریض کاعلاج کیاجائے گا۔لاہور کے کینسر ہسپتال میں دنیا کے بہترین کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کےلئے بہترین طبی سہولتیں چاہتے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ڈاکٹر عدنان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔