چترال : محکمہ مواصلات نےبرف باری کے باعث بندسڑکوں کو کھول  دیا

1

چترال،08 مارچ (اے پی پی): چترال میں شدید برف باری کے باعث مختلف وادیوں کی سڑکیں بند تھیں تاہم محکمہ مواصلات ان سڑکوں سے برف صاف کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔

حالیہ شدید برف باری کے باعث چترال میں وادی بمبوریت، رمبور، ارسون، شیشی کوہ، جنجیریت کوہ، بیوڑی اور دیگر علاقوں کے راستے ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہو گئےتھے۔ پشاور چترال کا مین شاہ راہ اور بازار کے اندر سڑکوں سے این ایچ اے کی مشینری نے برف صاف کی جبکہ دیگر وادیوں سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو یعنی کمیونیکیشن اینڈ ورکس  برف صاف کررہی ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ایگزیکٹیو انجنیئر طارق مرتضیِ  اور ایس ڈی او دروش وقار خان کے ہدایت پر دروش کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکدار حیدر علی نے وادی بمبوریت کا راستہ انیش تک، رمبور کا سڑک پوندک تک جبکہ شیشی کوہ کا راستہ پتی گال تک کھول دیا۔ تاہم شیشی کوہ سڑک پر مسلسل برفانی اور مٹی کے تودے گرنے  کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے پتھر گرنے سے صفای کے کام میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔

متعلقہ کمپنی کے اہلکاروں نے دن رات محنت کرکے وادی ارسون، جنجیریت کوہ اور بیوڑی کا راستہ ہر قسم ٹریفک کیلیے کھول دیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق وادی کیلاش کی سڑکیں نیشنل ہای وے اتھارٹی کے پاس ہیں مگر ان سڑکوں سے برف محکمہ سی اینڈ ڈبلیو صاف کروارہی ہے۔ اس وقت گرم چشمہ، وادی کریم آباد، سوسوم ، مڈگلشٹ وغیرہ کی سڑکیں تاحال بند ہیں۔تاہم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی مشنری مسلسل کام کرہی ہے امید ہے کہ بہت جلد وادی شیشی کوہ کا راستہ مکمل طور پر ہر قسم کے ٹریفک کیلیے کھول دیا جائے گا جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے گی۔