چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے پی سی بی کی نئی7 رکنی سلیکشن کمیٹی بنادی

0

 

لاہور، 24 مارچ (اے پی پی ): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی سی بی کی نئی7 رکنی سلیکشن کمیٹی بنادی ہے جس میں کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔

 انہوں نے یہ اعلان پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں کپتان وہیڈکوچ ممبر اور تمام ممبران کے پاس ایک جیسے  اختیارات ہوں گے، ہر فیصلہ کمیٹی کریگی ، سلیکشن کمیٹی میں عبدالرزاق، وہاب ریاض، محمد یوسف ،اسد شفیق شامل ،کمیٹی میں2 کوآرڈینیٹر اور ڈیٹا اینالسٹ ہوگا۔

وہاب ریاض سابقہ سلیکشن کمیٹی کے چیرمین تھے انہوں نے27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف   اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان مینز انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ، 288 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے۔

اسد شفیق نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔ اسد شفیق نے اپنے دس سالہ بین الاقوامی کریئر میں پاکستان کے لیے 77 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلے۔ عبدالرزاق کا بین الاقوامی کریئر  46 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پر محیط رہا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا جس میں ہر رکن کو مساوی اختیارات حاصل ہوں گے اور یہی کمیٹی قومی سلیکشن کے معاملات کے علاوہ انڈر 19 اور اے ٹیم کے انتخاب کی بھی ذمہ دار ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں نے چار سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل سات رکنی سلیکشن کمیٹی کو مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے قومی  ٹیموں کا انتخاب کرے۔ سلیکشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کروں گا۔ یہ تمام لوگ  تجربہ کار اور پیشہ ور ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنا کام لگن اور ایمانداری کے ساتھ کریں گے۔