گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے؛ وزیراعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ، 27 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے وزارت داخلہ کے مروجہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جاررہا ہے ،  گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چینی باشندوں کی سیکورٹی سے متعلق منعقدہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے ۔

 وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ بلوچستان میں سی پیک کے سات مختلف منصوبوں میں 982 چینی باشندے متعین ہیں تاہم مختلف نجی کمپنیوں کے توسط سے آنے والے چینی باشندے اس کے علاوہ ہیں ، سی پیک منصوبوں اور ان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے لئے مختلف سیکورٹی فورسز کے 5690 اہلکار تعینات ہیں اور سیکورٹی کا معیار وزارت داخلہ کی تجویز کردہ ایس او پیز کے عین مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی عفریت سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کی ضرورت ہے ۔

 وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بحالی امن کیلئے قائم ایف سی کی چیک پوسٹوں سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی تاثر پھیلایا گیا ، بلوچستان کے وسیع رقبے کی طویل شاہراہوں پر ہزاروں کلو میٹر بعد قائم چیک پوسٹیں عوام کی ہی حفاظت کے لئے تھیں جہاں چند لمحات رک کر چیکنگ کرانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اگر بحیثیت وزیر اعلی مجھے ان چیک پوسٹوں پر رکنا پڑے تو میں بخوشی چیکنگ کے عمل سے گزروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک کی نہیں بلکہ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے ۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ وزارت داخلہ کی مروجہ ایس او پیز کا ہر پندرہ دن بعد جائزہ لیا جاتا رہے گا جس کی روشنی میں سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لئے فیصلے کئے جائیں گے۔