وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات

5

اسلام آباد، 20 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی سفیر نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں ایرانی صدر کے دورہ پاکستان  کے حوالے سے بات چیت اور حتمی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا  اور ایرانی صدر کے  دورے کے دوران مجوزہ معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایرانی صدر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دیگر چیلنجز  کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا،پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور دیرپا استحکام کےلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ایرانی سفیر نے ایران کے صدر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہوں نے محسن نقوی کو وزیرداخلہ کا عہدہ  سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بطور نگران وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے   محسن نقوی کی  کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آپ نے وزارت اعلیٰ کے دور میں عوامی منصوبوں کو انتہائی غیر معمولی رفتار سے مکمل کرایا۔